نئی دہلی، 25 دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کے دن کسانوں سے اپیل کی کہ وہ نئے زرعی قوانین کو ایک یا دو سال تک تجربات کے طور پر دیکھیں اور اگر وہ کسانوں کو فائدہ نہیں پہنچاتے ہیں تو حکومت ان میں ضروری ترمیم کرے گی۔
سنگھ نے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے لوگوں کو اپنا قرار دیتے ہوئے کہاکہ جو لوگ دھرنے پر بیٹھے ہیں وہ کسان ہیں اور کسانوں کے خاندانوں میں پیدا ہوئے ہیں، ہمیں ان کے لئے بہت احترام ہے۔ ستمبر میں نافذ ہونے والے تینوں زرعی قوانین کے خلاف ہزاروں کسان دہلی کی سرحدوں پر تقریبا ایک ماہ سے قیام پذیر ہیں۔ یہ کسان بنیادی طور پر پنجاب، ہریانہ اور اترپردیش کے حصوں سے ہیں۔ کسان یونینوں اور حکومت کے مابین کم از کم پانچ دورکے مذاکرات ہوئے ہیں لیکن تعطل حل نہیں ہوسکا ہے۔ کسان تنظیمیں نئے قوانین کو واپس لینے پربضد ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ نئے قوانین مارکیٹ کو کمزور کردیں گے اور کم سے کم سپورٹ پرائس سسٹم کوبھی۔ انہیں یہ بھی خدشہ ہے کہ نئے قوانین کارپوریٹ دنیا کے اثر و رسوخ میں بہت زیادہ اضافہ کرے گا، تاہم حکومت نے ان خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی ہے کہ اس طرح کے خدشات غلط ہیں اور نئے قوانین کا مقصد کسانوں کی مدد کرنا ہے۔
قومی دارالحکومت دوارکا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع سنگھ نے کہا کہ وہ خود ایک کسان کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مودی حکومت کبھی بھی کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جو کسانوں کے مفاد میں نہ ہو۔ سنگھ نے کہاکہ لوگ ان زرعی قوانین کے بارے میں کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ان کے مفاد میں نہیں ہیں، میں ایک کسان کا بیٹا ہوں اور میں نے کھیتوں میں کام کیا ہے، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان قوانین میں ایک بھی ایسی شق نہیں ہے جو کسانوں کے خلاف ہو۔ وہ زرعی قوانین سے متعلق حکمراں بی جے پی کے عوامی رابطہ پروگرام کے تحت منعقدہ ریلی سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) نظام قائم رہے گا اور کچھ لوگ غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس کا خاتمہ ہوجائے گا۔ کسانوں سے تجرباتی طور پر نئے زرعی قوانین لینے کی درخواست کرتے ہوئے بی جے پی کے سابق صدر نے کہا کہ اگر یہ قوانین فائدہ مند نہیں ہیں تو حکومت تمام ضروری ترامیم کرے گی۔ سنگھ نے کہاکہ زرعی قوانین کو ابھی ایک یا دو سال کے لئے نافذ کرنے دیں۔ آئیے اس کو بطور تجربہ دیکھیں۔